کراچی پولیس کا اسلحے کی نمائش کے خلاف مہم شروع کرنیکا اعلان

54

کراچی(نمائندہ جسارت) کراچی پولیس نے رواں ہفتے سے شہر میں اسلحے کی نمائش کیخلاف باقاعدہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا، عوامی مقامات پر اسلحے کی نمائش اور سادہ لباس میں مسلح افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی، اتوار کو کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ میںکہا گیا ہے کہ کراچی میں قانون کی عملداری اور
بالادستی کو بہر صورت یقینی بنانے کیلیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پولیس کو عوامی مقامات سمیت کسی بھی جگہ اسلحہ کی نمائش پر پابندی عاید کرنے اور سادہ لباس میں مسلح افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ اسلحہ لائنس کے حامل شہریوں پر بھی عوامی مقامات پر اسلحے کی نمائش پر پابندی کا اطلاق ہوگا۔ اسلحے کی نمائش قانونی جرم ہے جس کی روک تھام کیلیے قوانین وضع کیے گئے ہیں، ایسے افراد جو حفاظت کیلیے منظور شدہ گارڈز رکھتے ہیں ان کو پولیس کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسلحہ ضرور رکھیں لیکن اسلحے کی نمائش سے اجتناب کریں۔ کسی بھی شہری یا سیکورٹی گارڈز کی جانب سے اسلحہ کی نمائش پر پولیس افسران کو بلاتفریق قانونی کارروائی اور مقدمات کے اندراج کی ہدایت دی گئی ہے۔