کورونا سے مزید12 ہلاک،اسلام آباد،کراچی اور کشمیر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن

196

اسلام آباد/ کوئٹہ (صباح نیوز) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 12 مریض انتقال کر گئے جبکہ 666 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں، بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری بشریٰ رند بھی وائرس کا شکار ہوگئیں، کورونا کیسز میں اضافے پر کراچی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں اسمارٹ لاک ڈائون دوبارہ نافذ کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابقنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کی جانب سے اتوار کے روز جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 12 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی کل تعداد 6570 ہو گئی،جبکہ 666 نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 3 لاکھ18ہزار932ہو گئی۔ ملک میں اس وقت فعال کیسز کی تعداد 8904 ہے جبکہ 483 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 396 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے۔ ادھر بلوچستان کی حکمران جماعت باپ پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری بشریٰ رند کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، بشری رند نے گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا ہے ۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز میں اضافے پر کراچی، اسلام آباد، آزاد کشمیر میں منی اسمارٹ لاک ڈائون دوبارہ نافذ کردیا گیا ہے جبکہ ملک بھر میں انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن کامیابی پہلے کی طرح عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔ ٹویٹر پر وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز کی 6 ہفتے اوسط قومی سطح پر پوزیٹیویٹی 2 فیصد سے کم رہنے کے بعد پچھلے ہفتے 2 فیصد سے زیادہ رہی ہے۔