کرکٹ کے میچ فکسر نے سیاسی سیریز میں وہی طریقہ اپنا لیا، حافظ حسین

138

کوئٹہ (صباح نیوز) جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ کرکٹ میں ایمپائر کے ساتھ میچ فکسنگ کے عالمی شہرت یافتہ نے سیاسی سیریز میں بھی اسی طریقہ واردات کو اپنائے رکھا، دراصل عمرانی یوٹرن ان کی سیاسی بال ٹیمپرنگ ہے۔ وہ اتوار کو پی ڈی ایم کے رہنماؤں اور جانثاروں سے تربیتی گفتگو اور میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ ایمپائر کی مداخلت اور تعاون نے عمرانی الیون کو کچھ زیادہ آرام پسند اور کاہل بنادیا ہے،
اس لیے وہ گوجرانوالہ سے شروع ہونے والی سیریز کے تماشائیوں کو کبھی کورونا سے اور کبھی جیلوں میں ڈالنے سے ڈرا رہے ہیں لیکن ان کی الٹی گنتی 16اکتوبر سے شروع ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمپائر نے بھی اپنوں کے جھرمٹ میں پی ڈی ایم الیون کے مقابلے میں عمرانی الیون کا ساتھ دینے کا اعلان ڈنکے کی چوٹ پر کردیا۔ حالانکہ تاریخ شاہد ہے کہ گوجرانوالا کی سیاسی پچ پی ڈی ایم الیون کیلیے ماضی کی طرح کارآمد ہے جب اس وقت کے ایمپائر کو بھی میچ کا فیصلہ ہمارے حق میں کرنا پڑا تھا۔