کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، شعیب ملک

199

راولپنڈی:قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ابھی فٹ ہوں، کسی بھی طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

اپنے ایک  انٹرویو میں شعیب ملک نے اپنے کیرئیر کے اتار چڑھا، تجربات، یادگار لمحات اور مستقبل کے ارادوں پر کھل کر بات کی،شعیب ملک کاکہنا تھاکہ جب آپ مرحلہ وار کرکٹ کھیل کر آتے ہیں تو کافی ساری چیزیں سیکھتے ہیں اور جب تجربہ کار ساتھی کرکٹرز کو فالو کریں اور یہ سیکھنے کی کوشش کریں کہ ان کی کارکردگی میں اتنا تسلسل کیسے ہے تو اس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔

شعیب ملک نے حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے 10 ہزار رنز مکمل کیے ہیں، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے ایشین کرکٹر ہیں، اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ سفر اتنا آسان نہ تھا، ٹی ٹوئنٹی میں بہت محدود مواقع ملتے ہیں، پہلے تین بیٹسمین کے پاس تو رنز کرنے کا موقع ہوتا ہی ہے لیکن مڈل آرڈر بیٹسمین کے لیے 10 ہزار رنز کرجانا بہت بڑی چیز ہے، لیکن مجھے یہاں رکنا نہیں، ابھی بہت کچھ حاصل کرنا ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ لیگز کھیل کر مجھے اس فرسٹریشن سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کافی مدد ملی، یہی سیکھا کہ جو کنٹرول میں ہے اس کو اچھا سے اچھا کرو اور جو نہ کنٹرول میں ہو اس کی فکر نہ کرو، کرکٹ کھیل کر میں نے زندگی کے بہت سے سبق سیکھے۔