کے ایم سی‘ پوسٹنگ کے منتظر افسران کو روزانہ حاضری لگانے کا حکم

84

کراچی (رپورٹ: محمد انور) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے غیر منتخب ایڈمنسٹریٹر نے ادارے کا نظام قانون کے مطابق چلانے کا فیصلہ کیا جس کے تحت نان پوسٹڈ36 اعلیٰ افسران کو یومیہ بنیاد پر سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم کے دفتر میں حاضری لگانے کا حکم دیا ہے۔ خیال رہے کہ بلدیہ عظمیٰ سمیت صوبے کے تمام سرکاری محکموں میں کسی بھی پوسٹ پر تعینات نہ رہنے والے افسران دفاتر
سے غائب ہوکر گھروں میں بیٹھ کر نئی تقرری کا انتظار کرتے ہیں یا پھر من پسند عہدے پر تعیناتی کی کوششوں میں لگ جاتے ہیں جس کی بڑی وجہ یہ ہوتی ہے کہ تعیناتی کے منتظر افسران کے لیے بیٹھنے کی کوئی جگہ نہیں ہوتی‘ اس لیے ایسے تمام ہی افسران اپنے آپ کو رخصت پر سمجھتے ہیں اور بہت سے دفاتر سے لاتعلق ہوجاتے ہیں حالانکہ تقرری کے منتظر افسران کو متعلقہ ڈائریکٹر سے نئی تعیناتی تک مسلسل رابطہ رکھنا ہوتا ہے۔ سرکای ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے بعض افسران اس موقع سے فائدہ اٹھا کر بغیر اطلاع بیرون ملک بھی چلے جاتے ہیں جبکہ کے ایم سی میںکم و بیش ایک درجن افسران مبینہ طور پر اب بھی ملک سے باہر ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی کے حکم پر سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی نے گریڈ 17، 18 اور 19 کے 36 افسران کی فہرست جاری کی ہے جنہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سینئر ڈائریکٹر کو یومیہ بنیاد پر رپورٹ کریں۔ اس حکم نامے میں ایکس پاکستان لیو پر بیرون ملک جانے والے شعیب وقار، فرحان درانی اور عمران مرزا کے نام بھی شامل ہیں جبکہ ملازمت مکمل کرکے ریٹائرڈ ہوجانے والے گریڈ 18 کے افسر خورشید احمد اور بیماری کی وجہ سے رخصت پر جانے والے محمد یونس کا نام بھی ہے۔ مذکورہ فہرست کے اجرا کے بعد متعلقہ افسران میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پوسٹنگ کے منتظر ہیں مگر ہمیں پوسٹنگ دینے کے بجائے تنگ کیا جارہا ہے۔