دوسری کارپوریٹ ٹی20 لیگ، یونائیٹڈ ہاکس کی تیسری کامیابی

62

کراچی(اسٹاف رپورٹر) دوسرے کارپوریٹ کر کٹ ٹی 20 لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں عربین سی کنٹری کلب گرائونڈ پر ہاکس یونائیڈ سی سی نے مدمقابل کراچی اسٹرایکر سی سی کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد8 رنز شکست دے کر ٹورنامنٹ میں تیسری کامیابی کے ساتھ اگلے مرحلے میں کھیلنے کے امکانات کو روشن کرلئے۔ فاتح ٹیم ہاکس یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز سے ایک اوور قبل پوری ٹیم 150رنز پر پویلیین لوٹ گئی۔ محمد طلحہ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 14 گیندوں پر 27 رنز 4چوکوں کی مدد سے بنائے، معید نے21 رنز اور سعد ملک نے صرف5 گیندوں پر جارحانہ 15 رنز کا اضافہ کیا۔کراچی اسٹرایکر کی جانب سے رائیٹ آرم لیگ اسپنر طلحہ احمد عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فاتح ٹیم کے 3 بلے بازوں کو میدان بدر کیا، آف اسپنر آل رائونڈر انیس پراچہ نے22 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں جبکہ ذوہیب حنیف، مبشر، اویس ڈار اور ارسلان الحق کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔جوابی بیٹنگ کراچی اسٹرایکر سی سی فاتح ٹیم کے بولروں کی نپی تلی بو لنگ اور فیلڈروں کی عمدہ کارکردگی کے باعث 8 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز تک محدود رہی۔ ناکام ٹیم کے آل رائونڈر انیس پراچہ کے2 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بھی کارآمد نہ ہوسکے،ارسلان الحق نے 3 چوکوں کی بدولت 26 اور طلحہ نے21 رنز بنائے۔ فاتح ہاکس یونائیٹڈ کے بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے فاسٹ بولر نوید احمدنے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 21 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، آف اسپنر شمیل نے22 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا، سعد سلطان اور صبیح نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔