قومی فٹبال بی ڈویژن لیگ میں ہما کلب کی فتوحات کا سلسلہ جاری

63

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان فٹبال فیڈریشن لیگ بی ڈویڑن فائنل راؤنڈ کلب لیگ میچ میں ہما ایف سی نے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا جبکہ ڈیپارٹمنٹل میچ میں کراچی یونائیٹڈ اور پاکستان ریلویز کا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد ڈرا ہو گیا۔لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچز میں ہما ایف نے ووہیب ایف سی کو 0-2 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔ ہما ایف سی کی جانب سے علی میہوان اور عمار اقبال نے بالترتیب 50ویں اور 90منٹ میں گول اسکور کیے۔کراچی میں ڈرگ یونین فٹبال گراؤنڈ میں کراچی یونائیٹڈ اور پاکستان ریلویز کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کر سکیں جس کے بعد میچ 2-2 گول سے ڈرا کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔کراچی یونائیٹڈ کے لیے 59ویں منٹ میں انیس نے پہلا گول اسکور کیا جس کے بعد 62ویں منٹ میں پاکستان ریلویز نے حمزہ کے گول کی بدولت مقابلہ برابر کردیا۔ ریلویز نے عامر حسین کے گول کی بدولت برتری حاصل کی لیکن وہ زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور کراچی یونائیٹڈ کیلئے عامر نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔