نیشنل ٹی20کپ: بابراعظم اوراحمدبشیر کی شاندار کارکردگی، سنٹرل پنجاب کی ٹیم فاتح

236

راولپنڈی: بابراعظم اور احمد بشیر کی شاندار کارکردگی نے سنٹرل پنجاب کو بلوچستان کے خلاف فتح دلادی۔

میڈیا کے مطابق راولپنڈی  اسٹیڈیم میں نیشنل ٹی20 کپ کے 22 ویں معرکے میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتحیاب تو بنایا ہی مگر انہوں نے اپنی اس اننگز کے دوران ایک اور ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق  بابر اعظم نیشنل ٹی20 کپ کی تاریخ میں تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے بلے باز بن گئے اور انہوں نے یہ کارنامہ محض 27 ویں اننگز میں  سرانجام دیا ہے۔

میڈیا کے مطابق  آج کے میچ میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے بلوچستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 126 رنز کا ہدف 14 ویں اوور میں حاصل کرلیا اور بابر اعظم نے 64 اور عبداللہ شفیق نے 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں جبکہ کامران اکمل بھی 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے اور بلوچستان کی جانب سے واحد وکٹ عماد بٹ نے حاصل کی ہے۔

دوسری جانب  سنٹرل پنجاب کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے بلوچستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز ہی بناسکی تھی اور کپتان حارث سہیل کے 41 رنز کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا تھا جبکہ سنٹرل پنجاب کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا، احمد بشیر نے 4، قاسم اکرم نے 2 جبکہ عثمان قادر اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے  میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اہم وکٹیں حاصل کرنے والے احمد بشیر کومین آف دی میچ  کا ایوارڈ دیا گیا۔