مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ چین بھارت کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت آرٹیکل 370 کی بحالی پر مجبور کر دے گا۔
بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے مودی سرکار کے 5 اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کو منسوخ کرکے کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرنے اور بھارتی یونین قرار دینے کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اور دیگر کشمیری رہنماؤں کو پابند سلاسل کیا گیا اور پوری وادی کو عملاً قید خانے میں تبدیل کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے چین بھارت کو آرٹیکل 370 کی بحالی پر مجبور کر کے جموں و کشمیر کو اس کی سابقہ خصوصی حیثیت دلوائے گا۔
سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ چین جو کچھ لائن آف ایکچوئیل کنٹرول (ایل اے سی) میں کر رہے ہیں وہ سب آرٹیکل 370 کی وجہ سے ہے کیونکہ چین نے لداخ پر بھارتی حکومت کا تازہ موقف اور جبری تسلط کو تسلیم نہیں کیا ہے۔ مودی حکومت کا 5 اگست 2019 کو جو کچھ کیا وہ چین کے لیے بھی ناقابل قبول ہے۔