عبدالرشید ترابی کا اجلاس‘ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کے حق میں قراردادپیش

59

مظفر آباد(اے پی پی) ایم ایل اے عبدالرشید ترابی نے گزشتہ روز آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں جموں وکشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے حق میں قرارداد پیش کی۔ قرارداد کا متن یہ ہے کہ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس مقبوضہ کشمیر و فلسطین میں بھارت اور اسرائیل کی مسلسل جارحانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے مسلمان مظلوم بھائیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ اجلاس یورپی یونین کے اہم ممالک سمیت بین الاقوامی اداروں اور اہل دانش کی کاوشوں کی تحسین کرتا ہے، جنہوں نے صدر ٹرمپ کے اسرائیل نواز فارمولے کو مسترد کرتے ہوئے فلسطین کی آزاد ریاست کے حق کو تسلیم کیا۔ نیز اجلاس امریکا اور اسرائیل کے دباؤپر فلسطینی عوام اور ان کی حکومت کے مؤقف کو نظرانداز کرتے ہوئے جو مسلم ممالک اسرائیل کے سامنے سرنڈر کر رہے ہیں انہیں یہ باور کروانا چاہتا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کی مسلم دْشمنی گٹھ جوڑ کا توڑ کرنے کے لیے دباؤ، خوف اور مصلحتوں سے بالا تر ہو کر دْنیا کے بدترین استعماری قوتوں کے عزائم کو ناکام کرنے کے لیے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کی حق پر مبنی جدوجہد کی بھرپور تائید و حمایت کرے۔