رافیل کے ٹائٹلز کا ریکارڈ کبھی نہیں ٹوٹ سکتا،اینڈی

42

لندن(جسارت نیوز)انگلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار اور اولمپک چیمپئن اینڈی مرے نے کہا ہے کہ ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس اسٹار ، فرنچ اوپن چیمپئن اور عالمی نمبر دورافیل نڈال کا 13 فرنچ اوپن ٹائٹلز کا ریکارڈ کبھی نہیں ٹوٹ سکے گا۔ 34 سالہ سپینش ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے گزشتہ اتوار کو سربیا کے نامور ٹینس اسٹار عالمی نمبر ایک اور فرنچ اوپن کے ٹاپ سیڈڈ نوویک جوکووچ کے خلاف رواں سال کے تیسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن کے فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سٹریٹ سیٹس میں 0-6، 2-6 اور 5-7سے جیت کے ساتھ اپنی تازہ ترین رولینڈ گیروس کامیابی پر نہ صرف مہر ثبت کی بلکہ سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کے 20 گرینڈ سلام ٹائٹلز کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ اوپن ایرا میں اب تک رافیل نڈال کے فرنچ اوپن ٹائٹلز کے قریب ترین بیجورن بورگ ہے جو 1974 سے 1981 کے درمیان چھ بار فرنچ اوپن ٹائٹلز کے فاتح رہے۔ اینڈی مرے نے کہا کہ یہ رافیل نڈال کا ایک حیرت انگیز کارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ رافیل نڈال کے اس ریکارڈ کو توڑا جا سکے گا ۔ سوئس اسٹار فیڈرر نے رافیل نڈال کی فتح کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نڈال کی ٹینس کھیل کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے ۔ برطانوی ٹینس سٹار 33 سالہ اینڈی مرے کو رواں سال فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ابتدائی رائونڈ مین ہم وطن سٹین واورنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔