پاک زمبابوے سیریز، سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کی تجویز

52

لاہور(جسارت نیوز)زمبابوے کے خلاف سیریز میں سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کی تجویز زیر غور ہے۔تفصیلات کے مطابق زمبابوے کے خلاف تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے اسکواڈ سے متعلق چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق کی ساتھی سلیکٹرز سے ابتدائی مشاورت مکمل ہوگئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت کے دوران سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کی تجویز زیر غور آئی ہے۔ ہوم سیریز کے لیے محمد حفیظ ، شعیب ملک، محمد عامر اور وہاب ریاض کو آرام دینے کی تجویز ہے۔اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وکٹ کیپر محمدرضوان سے اننگز کا آغازکروانے کی تجویز بھی زیر غور آئی ہے۔محمد رضوان حالیہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بطور اوپنر اچھی کارکردگی دکھارہے ہیں۔دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں آصف علی، سہیل تنویر اور محمدموسی کی شمولیت کا امکان ہے جبکہ نسیم شاہ کی ٹیم میں شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نوجوان حیدرعلی، خوشدل شاہ،ظفرگوہر اور ذیشان ملک کے نام بھی زیر غور ہیں۔سابق کپتان سرفراز احمد کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شمولیت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔