حکمرانوں کی نا اہلی کے باعث پورا ملک مافیا کے رحم وکرم پر ہے

64

لاہور (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔ عوام نے جس امید پر نظام کی تبدیلی کے لیے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا وہ مایوس ہوچکے ہیں۔آج بھی ملک میں سرمایہ داروں، وڈیروں اور جاگیر دار وں نے نظام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ بد قسمتی سے یہ کہنا پڑتا ہے کہ تحریک انصاف کی تبدیلی عوام کی خوشیاں کھا گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہ حکمرانوں کی نا اہلی اور معاشی پالیسی کے باعث پورا ملک مافیا کے رحم وکرم پر ہے۔ کہیں گندم دستیاب نہیں تو کہیں چینی،آٹا اور گھی نایاب ہے، رہی سہی کسر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں نے پوری کردی ہے۔ اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی موجودگی اور متعلقہ اداروں کے ہوتے ہوئے ٹائیگر فورس محض ڈھونگ رچانے کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مسائل کی دلدل میں دھنستا چلا جارہا ہے۔ حکمرانوں کو اس کا ادار ک ہی نہیں کہ عوام کو درپیش مسائل کتنے سنگین ہوچکے ہیں۔ اگر اس وقت عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو مہنگائی کا سونامی سب کو بہا لے جائے گا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاور ڈویژن کی جانب سے 2023ء تک گردشی قرضہ 1298ارب تک پہنچے تک کی نوید سنائی جارہی ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ بجلی کے نرخوں میں مزید ہو ش ربا اضافہ کیا جائے گا۔ اس وقت موجودہ گردشی قرضہ 538ارب روپے ہے جبکہ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی کے باعث 760ارب روپے کا اضافہ متوقع ہے۔