امریکی جریدے ’’فارن پالیسی‘‘ نے بھارتی دہشت گردی کو بے نقاب کردیا

50

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ امریکی جریدے ’’فارن پالیسی‘‘ نے بھارت کی دہشت گردی کو بے نقاب کیا ہے۔ پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارتی حکومت آرا یس ایس کے انتہا پسندانہ ایجنڈے کی تکمیل کررہی ہے۔ انڈین دہشت گرد پاکستان، افغانستان اور کشمیر میں اپنی مذموم کارروائیوں میں مصروف ہیں، کل بھوشن نیٹ ورک کا بلوچستان سے پکڑ ے جانا اس بات کی تصدیق کرتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عالمی برادری بھارت کے خلاف کیا کارروائی کرتی ہے۔؟ انہوں نے کہا کہ بھارت کی انتہا پسندانہ حکمت عملی تباہی کا باعث ہے۔ وہ جنوبی ایشیائی خطے میں بالادستی کا خواب دیکھ رہا ہے اور اس مقصد کی تکمیل کی خاطر طاقت کا توازن خراب کررہا ہے۔ا س کی یہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بھارت ایک متعصب اور دہشت گردانہ سوچ رکھنے والی ریاست بن چکی ہے۔ جس نے لداخ اور کشمیر سے لے کر بنگال اور گجرات تک مسلمانوں کا بہیمانہ قتل عام کیا ہے۔ بھارت میں آج بھی اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، اسرائیل اور امریکا گٹھ جوڑ دنیا کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے نابلس میں نہتے فلسطینیوں پر دوران نماز شیلنگ اور تشدد انتہائی قابل مذمت ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری فوری نوٹس لے۔جنرل سیکرٹری راشدمحمودنے کہا کہ حکومت پاکستان بھارت کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے واضح حکمت عملی ترتیب دے۔ محض زبانی کلامی اقدامات سے کچھ نہیں ہوگا۔ کفار کے خلاف امت مسلمہ کو مضبوط اتحاد بنانے کی ضرورت ہے۔