اسٹینو گرافر اور کلرک کو آر ایم او تعینات کردیا گیا

209

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) بلدیہ عظمی کراچی میں اندھیرنگری چوپٹ راج کا سلسلہ جاری ہے۔اسٹینو گرافر اور کلرک کو آر ایم او تعینات کردیا گیا ہے۔

میونسپل کمشنر کے احکامات پر گریڈ 16 کے اسٹینو گرافر عبدالستار اور گریڈ 16 کے ہی اسسٹنٹ عبدالفرید کو ریذیڈنٹ میڈیکل آفیسر (آر ایم او) تعیناتی کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

جبکہ ریذیڈنٹ میڈیکل آفیسر(آر ایم او) کی پوسٹ گریڈ 17 کے ایم بی بی ایس اور ہومیو پیتھک کے مستند ڈاکٹر کے لئے مختص ہے تا ہم کے ایم سی حکام نے ایک جانب سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نا صرف گریڈ 17 کی پوسٹ پر گریڈ 16 افسر کو تعینات کر دیا ہے۔

بلکہ انتہاہی اہم شعبے میں ڈاکٹر کی جگہ انتظامی افسران تعینات کر کے شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے واضح رہے کسی بھی سرکاری یا نجی اسپتال میں آر ایم او صرف مستند ڈاکٹر کو تعینات کرسکتے ہیں جبکہ عبدالستارمحکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ میں اسٹینوگرافر ہیں۔

جبکہ عبدالفرید عباسی شہید اسپتال میں اسسٹنٹ کے عہدے پر تعینات تھے۔ مذکورہ افسران کو میونسپل کمشنر کے احکامات پر ہومیوپیتھک اسپتال میں بطور آر ایم او تعینات کیا گیا ہے جس پر محکمہ صحت کے افسران کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے۔