آئی فون نے4 نئے سیٹ متعارف کروادئیے

263

نیویارک: امریکا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے فائیو جی سے لیس آئی فون 12 سیریز کے 4 نئے فونز متعارف کرادیے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا کے پیش نظر ایپل کمپنی کی جانب سے تعارفی تقریب کا انعقاد آن لائن کیا گیا، اس دوران کمپنی کے ترجمان نے آئی فون 12 سیریز کے چار فون متعارف کرائے۔

کمپنی کی جانب سے آئی فون 12 منی، آئی فون 12، آئی فون 12 پرو، آئی فون 12 پرو میکس متعارف کرایا گیا، یہ پہلا موقع ہے کہ ایپل نے بیک وقت ایک ہی سیریز کے چار فون متعارف کرائے۔

ایپل نے صارفین کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر قسم کے بجٹ کا فون پیش کیا تاکہ خواہش مند افراد اپنی جیب کے حساب سے اسے خرید سکیں۔

آئی فون 12 منی کا 5.4 انچ، آئی فون 12 کا 6.1 انچ، آئی فون 12 پرو میں 6.1 انچ اور آئی فون 12 پرو میکس کا 6.7 انچ ڈسپلے دیا گیا ہے۔ واضح ہے کہ اس سے قبل آئی فون کا اتنے بڑے ڈسپلے والا فون متعارف نہیں ہوا۔

آئی فون منی ایپل کا پہلا واحد سیٹ ہے جسے منی کا نام دیا گیا ہے، اس کو دنیا کا ہلکا ترین فائیو جی فون قرار دیا گیا ہے جبکہ اس میں فیس ان لاک کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

فون کا ڈسپلے 5.4 انچ، مین کیمرا 12 میگا پکسل بمعہ ایف 1.6 آرچر، دوسرا کیمرا 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، وائرلیس چارجنگ فیچر جیسی جدید سہولیات اس فون میں شامل ہیں۔

ایپل نے رواں سال متعارف کرائے جانے والے موبائل کے ساتھ ڈبے میں چارجر نہیں دیے، اس بات کا اعلان کمپنی پہلے کرچکی تھی جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کے خلاف اقدامات کرنا ہے۔