بلوچستان ،سیکورٹی اداروں کی مشترکہ کارروائی،99 کلو ہیروئن برآمد

51

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے علاقے پسنی میں پاکستان کوسٹ گارڈ اور پاک فوج نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 99 کلو گرام کرسٹل برآمد کرلی۔ ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈ اور پاکستان آرمی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پسنی کے علاقے سردشت میں دوران گشت پہاڑوں کے درمیان لدے ہوئے اونٹ کی چیکنگ کے دوران 99 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی کرسٹل (ہیروین) برآمد کرکے اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔ برآمد شدہ منشیات سمندر کے راستے بیرون ملک اسمگل کی جانا تھی۔ تاہم بروقت کارروائی کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، ترجمان پاکستان کوسٹ گاڑڈ کے مطابق پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت تقریباً 30 ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ نے جوانوں کی اس انتھک محنت اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔ ماڈل کورٹ نصیر آباد کے جج اسد اللہ کاکڑ نے خا تون سمیت 2 افراد کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ استغاثہ کے مطابق ملزم نثار احمد نے سیاہ کاری کے الزام میں سٹی پولیس تھانہ ڈیرہ مراد جمالی کی حدود میں فائرنگ کر کے مدعی مقدمہ یار محمد کے بیٹے اسد اللہ اور اپنی زوجہ کو قتل کردیا تھا، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں پیش کیا تھا۔ گزشتہ روز عدالت کے جج نے دوہرے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم نثار احمد کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ سرکار کی جانب سے مقدمے کی پیروی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر رحمت اللہ سرکی نے کی۔