میری اولاد مجھے قتل کرنے کی سازش کررہی ہے، غوث علی شاہ

149

سکھر (خبر ایجنسیاں) سابق وزیراعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ نے کہا کہ میری نافرمان اولاد باپ کے قتل کرنے کی سازش میں ملوث ہے۔ اعلیٰ حکام سے گزارش ہے کہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کرکے گرفتار کیا جائے۔سابق وزیراعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ نے اپنی پہلی بیوی اور اولاد کے ساتھ لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پوری زندگی عزت کے ساتھ گزاری، باقی بھی عزت سے گزارنا چاہتا ہوں۔پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ میری خواہش تھی کہ میرے بیٹے میرے نقش قدم پر چلیں، مگر ایسا نہیں ہوا۔ بڑے بیٹے کو زمین اور فلیٹس دیے، چھوٹا بیٹا میرے سمجھانے کے باوجود ملازمت چھوڑ کر آگیا لیکن اپنی ماں اور میری اجازت کے بغیر زمین فروخت کی۔ غوث علی شاہ کا کہنا تھا بچوں کو جائداد سے حصہ دے چکا ہوں اس کے باوجود میری بقایا جائداد کو نافرمان اولاد فروخت کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ میری اولاد گھر سے چوری کروانے میں بھی ملوث رہی ہے اور اب میری دوسری بیوی،مجھے اور میرے بیٹے کو قتل کرنے کی سازش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ لینے میں مجھے ایک سال سے زیادہ عرصہ لگا۔