فیس بک نے نیوزی لینڈ کی اپوزیشن جماعت کا پیج ہٹا دیا

197

سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بک نے نیوزی لینڈ کی ایک سیاسی جماعت “ایڈوانس نیوزی لینڈ” کا فیس بک پیج ہٹا دیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فیس بک نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سیاسی جماعت ایڈوانس نے کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات سے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جس کے باعث پیج کو ہٹایا گیا۔

فیس بک حکام نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کسی کو بھی غلط معلومات شائع کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ جھوٹی معلومات سے انسانی جسم کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

فیس بک کی جانب سے ایڈوانس جماعت کا پیج ہٹانے کا اقدام ملک میں ہونے والے عام انتخابات سے دو روز قبل سامنے آیا ہے۔

فیس بک نے کہا کہ کمپنی کسی سیاسی جماعت سے وابستگی اور حمایت کے قطع نظر اپنی پالیسی کے تحت کارروائی کرتی رہے گی۔

ایڈوانس جماعت کے بانی رکن نے اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ فیس بک کمپنی نیوزی لینڈ انتخابات میں مداخلت کر رہی ہے۔ فیس بک کی جانب سے یہ اقدام ناقابلِ یقین ہے۔

سیاسی جماعت کا کہنا ہے کہ فیس بک پیج کو ہٹانے کے اقدام کے پیچھے وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کا ہاتھ ہے۔