اپنی ہی ٹیم کیخلاف گول کرنے پر،کھلاڑی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

301

یوگنڈا میں مقامی لیگ کے ایک میچ کے دوران غلطی سے اپنی ٹیم کے خلاف گول کردینے پرفٹبالر کو ٹیم کے چند ساتھی کھلاڑیوں نے زدوکوب کرکے جان سے مار ڈالا۔

یوگنڈا کے اخبار ‘دی مونیٹر’ کے مطابق گزشتہ دنوں مقامی کلب ٹیموں کے درمیان کھیلے جارہے میچ کے دوران غلطی سے اپنی ٹیم کے خلاف گول کردینے ساتھی کھلاڑیوں نے اپنے ہی ساتھی کھلاڑی کو زدکوب کا نشانہ بنانے کے دوران جان لے لی۔

اخبار کی رپورٹ کے مطابق ‘چرچل اویسی’ نامی نوجوان کھلاڑی لاموو قصبے میں مقامی لیگ کا ایک میچ کھیل رہا تھا۔ میچ کے دوران ایک موقع پر اس دفاعی کھلاڑی نے گیند کو دور کرنے کی کوشش کی مگر غلطی سے وہ اس کی ٹیم کے ہی گول پوسٹ کے اندر چلی گئی اور مخالف ٹیم کے لیے گول اسکور ہو گیا۔ میچ ختم ہونے کے بعد چرچل کی ٹیم کے ساتھیوں نے اس کو لاتوں اور گھونسوں سے نوازا۔

البتہ معاملہ ختم نہیں ہوا اور واپسی کےموقع پر ایک کھلاڑی نےسائیکل پر جاتے چرچل کو دھکا دےکر زمین پر گرا دیا جس کے باعث اسے  شدید چوٹیں آئیں۔ بعد ازاں اسے فوری طور پر نزدیک طبی مرکز لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

 پولیس نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے چرچل کی ہلاکت میں ملوث ہونےکے شبے میں 2 کھلاڑیوں کو حراست میں لے لیا جبکہ  دیگر کھلاڑیوں  سےتحقیقات جاری ہیں۔