پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راشد ربانی کورونا کے باعث انتقال کرگئے

260

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورونا سے متاثر ہونے والے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی انتقال کرگئے ہیں۔

راشد ربانی کے اہل خانہ نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کرونا سے متاثر ہوئے تھے اور گزشتہ کئی روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ڈاکٹرز نے انہیں سانس لینے میں دشواری کے باعث دو روز قبل وینٹی لیٹر پر منتقل کیا تھا۔

راشد ربانی کے انتقال پر مراد علی شاہ سمیت پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تعزیتی بیان میں اہل خانہ سے تعزیت اور اُن کے صبر کے لیے دعا بھی کی۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’راشدربانی جیسی شخصیت کے انتقال سے سےآج عوام جمہوریت پسند رہنما سے محروم ہوگئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تعزیتی بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے راشد ربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ راشدربانی پارٹی کاسرمایہ تھے، وہ آخری سانس تک اپنے نظریے کے وفادار رہے۔

سابق صدر اور پی پی پی چیئرمین آصف علی زرداری نے راشد ربانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ پارٹی کا بہت بڑا سرمایہ تھے، جمہوریت کیلئےراشد ربانی کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ سابق صدر نے راشد ربانی کے اہل خانہ سے دکھ اور دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

یاد رہے کہ کورونا سے متاثر ہونے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر جام مدد علی خان اور راشد ربانی کو طبیعت ناسازی کے بعد دو روز قبل وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، دونوں کئی روز سے اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی اور سابق رکن صوبائی اسمبلی جام مدد علی کو چند روز قبل کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔ طبیعت ناساز ہونے کے بعد اہل خانہ نے انہیں کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا جہاں سانس لینے میں دقت کی وجہ سے ڈاکٹر نے انہیں آج وینٹی لیٹر پر منتقل کیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی آفتاب احمد صدیقی نے راشد ربانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’راشد ربانی کے انتقال کی خبر سُن کر دلی افسوس ہوا، راشد ربانی کا شمار سندھ کے نامور سیاستدانوں میں ہوتا تھا، مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا گو ہیں، اللہ تعالیٰ راشد ربانی کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری نے راشد ربانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی وفات سے سیاست کا ایک اہم باب بند ہوگیا۔