ـ12ویں قومی فٹبال ‘بی ‘ڈویژن لیگ ‘کوئٹہ بلوچ کی فتح

81

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کی ٹیم بلوچ ایف سی 12ویں پاکستان فٹبال فیڈریشن لیگ بی ڈویڑن فائنل راؤنڈ میں ہما ایف سی کو 1-2 سے شکست دیکر ترقی پاتے ہوئے پاکستان کے صف اول کے فٹبال مقابلے پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی۔پاکستان فٹبال فیڈریشن لیگ بی ڈویڑن فائنل راؤنڈ جمعرات کو لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں اختتام کو پہنچا جس میں صف اول کی ٹیم پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں ترقی پاتے ہوئے جگہ بنانے کی حقدار قرار پائی۔2 گول کے فرق سے بلوچ ایف سی پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد کے ہما ایف سے آگے تھی اور انہیں پروموشن کیلئے محض میچ ڈرا کرنے کی ضرورت تھی لیکن انہوں نے اس سے بڑھ کر اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ایک مرتبہ پھر محمد زاہد بلوچ نے اپنی بہترین فارم کا ثبوت دیا جنہوں نے فاتح ٹیم کیلئے دونوں گول اسکور کیے۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 2 ہیٹ ٹرک کرنے والے اسٹرائیکر نے 19ویں اور۔ 86ویں منٹ میں گول اسکور کیے۔ہما ایف سی نے میچ کے دوسرے ہی منٹ میں مدثر کے گول کی بدولت برتری حاصل کی لیکن یہ برتری رائیگاں گئی اور وہ اسے برقرار نہ رکھ سکے۔اس کامیابی کی بدولت بلوچ ایف سی کی ٹیم 7سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گئی۔