حنین شاہ بڑے بھائی نسیم شاہ کے نقش قدم پر

69

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی حنین شاہ بھی اپنے بڑے بھائی کے نقش قدم پر چلنے لگے ، دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر قومی انڈر 19 ون ڈے چیمپیئن شپ میں سینٹرل پنجاب انڈر 19کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں،یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ حنین شا ہ پی سی بی کے کسی بھی ڈومیسٹک سیزن میں شرکت کررہے ہیں، 13 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں انہوں نے اپنا پہلا میچ سدرن پنجاب انڈر19 کرکٹ ٹیم کیخلاف کھیلا، جہاں انہوں نے ایک وکٹ حاصل کی،حنین شاہ نے بھی بڑے بھائی کی طرح بین الاقوامی سطح پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کا خواب اپنی آنکھوں میں سجا رکھا ہے۔ نوجوان فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ ان کے آئیڈیل کرکٹر ہیں، وہ اب بھی ان کے ساتھ گھر کے صحن میں کرکٹ کھیلنا پسند کرتے ہیں، انہوں نے باقاعدہ کلب کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ پہلی مرتبہ اپنے بڑے بھائی کو ٹی وی اسکرین پر پاکستان کی شرٹ میں کھیلتا ہوادیکھنے کے بعد کیا۔حنین شاہ کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ اکثرانہیں فون کرکے بولنگ کی مفید ٹپس دیتے ہیں، وہ انہیں میچ سے پہلے خصوصی طور پر فون کال کرکے بین الاقوامی کرکٹ کا اپنا تجربہ شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ آئوٹ سوئنگ کے خاص گر بتاتے ہیں۔