جواریوں کی نظریں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ پر جم گئیں

56

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ تصدیق کرتا ہے کہ راولپنڈی میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران مبینہ بکی نے ایک کھلاڑی سے رابطہ کیا۔کھلاڑی کی جانب سے اطلاع کرنے پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے ابتدائی تحقیقات مکمل کرکے معاملہ ایف آئی اے کے حوالے کردیا ۔ڈائریکٹر پی سی بی اینٹی کرپشن اور سیکورٹی لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ آصف محمود کا کہنا ہے کہ انہوں نے کھلاڑی کے اس عمل کو قابل ستائش قرار دیا اور انہوں نے اس کھلاڑی سے رابطہ کیا ہے اور اینٹی کرپشن کوڈ کی پاسداری کرتے ہوئے اینٹی کرپشن آفیسر کو مبینہ رابطے کی کوشش سے متعلق اطلاع دینے پر اس کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری طرف سے کھلاڑیوں کو انسداد بدعنوانی سے متعلق باقاعدگی سے دئیے جانے والے لیکچرز اور پھر کھلاڑیوں کی اس کوڈ کے تحت اپنی ذمہ داریوں سے مکمل آگاہی کی ایک واضح مثال ہے، ہمارے لیے بھی یہ ایک حوصلہ افزاء عمل ہے کیونکہ کرکٹرز کا یہ رویہ پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ پر کھلاڑیوں کے اعتماد کی عکاسی بھی کرتا ہے۔لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ آصف محمود نے کہا کہ اس اطلاع کے بعد پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اپنی تحقیقات کے دوران کچھ حساس معلومات حاصل کیں، جنہیں مزید چھان بین کی غرض سے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال تحقیقات جاری ہیں لہٰذا وہ اس اطلاع سے متعلق مزید کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے تاہم آئی سی سی کے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے پی سی بی معلومات کے تبادلے کی غرض سے تحقیقات میں ہونے والی پیشرفت پر کرکٹ کی عالمی تنظیم کو مسلسل آگاہ کرتا رہے گا۔