ملی یکجہتی کونسل فرقہ ورانہ فسادات کے راستے میں رکاوٹ ہے،جاوید قصوری

61

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان میں فرقہ ورانہ فسادات کے راستے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ملی یکجہتی کونسل میں شامل جماعتوں کی جانب سے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے جس بھر پور صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔ ملکی سلامتی کے حوالے سے تمام مکاتب فکر کے علماء متحدہیں۔ مولانا ڈاکٹر عادل خان کی ٹارگٹ کلنگ را کی کارستانی ہے جس کا مقصد پاکستان کے اندر انتشار اور فرقہ واریت کو ہوا دینا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں کفار کا نظام چل رہا ہے۔ اس کے متبادل کے طور پر قرآن و سنت کا شاندار نظام موجودہے جس پر چلتے ہوئے ہم دنیا و آخرت دونوں جہانوں میں کامیابی و کامرانی حاصل کرسکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانے کے دعویدار شرعی نظام کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل نے ایک ایسے وقت میں ملک کے جید علماء کرام کو اکٹھا کیا جب بھائی بھائی کا دشمن بن چکا تھا۔ ملک دشمن قوتیں پوری طرح اپنا گندا کھیل کھیل رہی تھیں۔ انارکی، افراتفری کا عالم تھا، عوام غیر محفوظ اور خوفزدہ تھے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اسلامی انقلاب ملک کی منزل ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب خوف خدا رکھنے والے بر سر اقتدار آئیں گے اور پاکستان میں نظام مصطفی نافذ کریں گے۔ غیر ملکی ایجنٹوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں۔ پاکستان کے 22کروڑ عوام نے ن لیگ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کو آزمالیا۔ قوم اب دینی جماعتوں پر اعتماد کا اظہار کرے۔