اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو اپنے دورمیں ووٹ نہیں، نوٹ کی عزت کاخیال تھا.
وفاقی وزیراطلاعات ونشریات شبلی فراز نے سینیٹ کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں جو پچھلے 40 سال سےحکومت کررہے ہیں، ان کو اپنے دورمیں ووٹ نہیں، نوٹ کی عزت کاخیال تھا، یہ وہ لوگ ہیں جومنہ دکھانے کے قابل نہیں اور آج آپ جمہوریت کےچیمپئن اورنظریاتی بن گئے ہیں.
شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کیخلاف 9 سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوگئی ہیں، آپ عمران خان کی ثابت قدمی کو متزلزل نہیں کرسکتے، انہوں نے سہولت کار بنانے کیلئے اپنے لوگوں کواداروں میں بٹھایا، ان لوگوں کی سوچ جمہوری نہیں آمرانہ ہے اور سارے کرپٹ عمران خان کے خلاف کھڑے ہوگئے ہیں.
انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نےاداروں کوتباہ کیا، اور یہ وہی دورواپس چاہتے ہیں جس میں معیشت تباہ ہوئی،اور اب یہ اپنی کرپشن چھپانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، آج گلہ کررہے ہیں مہنگائی ہے، یہ سب آپ کی ناقص پالیسیوں کانتیجہ ہے.
وفاقی وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں مہنگائی ہے لیکن اگلے 4 ہفتے میں آپ بہتری دیکھیں گے، آنیوالےدنوں میں اچھاوقت آنیوالاہے جبکہ حکومت نے جلسے کے شرکا کو ماسک اور سینیٹائزرفراہم کیے ہیں.