صہیب مقصود کی دھواں دھار اننگز نے سدرن پنجاب کو سیمی فائنل میں پہنچادیا

399

راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کےآخری لیگ میچ میں سدرن پنجاب نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے  ہوئے بلوچستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی،فاتح ٹیم نے 162 رنز کا مطلوبہ ہدف 10.4 اوورز میں حاصل کرکے بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

تفصیلات کے مطابق ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے  کے لیےسدرن پنجاب کو 162 رنز کا ہدف محض  12.3 اوورز میں عبور کرنا تھا جو  انہوں نے اوپنر صہیب مقصود کی 29 گیندوں پر 81 رنز کی دھواں دھار اننگز کی بدولت محض 10.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔

دائیں ہاتھ  کے  اوپنر کی اننگز میں 4 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے،وکٹ کیپر ذیشان اشرف کے 10 گیندوں پر21 رنزکی بدولت دونوں کھلاڑیوں نے فاتح ٹیم کو 87 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، جس کے بعد عامر یامین نے 9 گیندوں پر 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا،بلوچستان کے عماد بٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوسکا، ایک کے انفرادی اسکور پر اوپنر اویس ضیاء کے پویلین واپس لوٹنے پر امام الحق نے وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 69 رنزجوڑ کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی تاہم امام الحق 48 اور بسم اللہ خان 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو بلوچستان کا اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے کا خواب بھی چکنا چور ہوگیا اور ان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان 161 رنز ہی بناسکی۔

میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر صہیب مقصود کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔