مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوج کے ہاتھوںمزید ایک نوجوان شہید

49

سری نگر(آن لائن+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں مزید ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بڈگام میں بھارتی فوجیوں نے تلاشی اور سرچ آپریشن کی آڑ میں اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید ہو گیا۔ علاوہ ازیں جموںوکشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں سڑک کے ایک حاد ثے میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس( سی آر پی ایف) کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ3 زخمی ہو گئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی آرپی ایف کی ایک گاڑی کو ضلع کے علاقے نسو میں حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں اہلکار نریش کمار موقع پر ہلاک ہو گیاجبکہ روی راج، انکت کمار گپتا اور ونود کمارنامی 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کوعلاج کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال بانڈی پورہ میں داخل کرا دیاگیا۔دوسری جانب نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے درمیان سیاسی اتحاد قائم ہو گیا ہے۔اس بات کا اعلان نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ مقبوضہ کشمیر فاروق عبداللہ نے کہا کہ انہوں نے پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی محبوبہ مفتی کے ساتھ سیاسی اتحاد اس بات کے لیے قائم کیا ہے کہ مل کر جموں و کشمیر کی وہ آئینی حیثیت بحال کرائیں جو 5 اگست 2019ء سے قبل تھی۔فاروق عبداللہ نے سیاسی اتحاد کو ’’اتحاد برائے گپکار ڈیکلیئریشن‘ ‘ قرار دیا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ہماری جنگ آئینی ہے،ہم اس بات کا مطالبہ کررہے ہیں کہ بھارتی سرکار ریاست کے عوام کو وہی حقوق واپس کرے جو 5اگست 2019 ء سے قبل انہیں حاصل تھے۔