گوجرانوالہ میں اپوزیشن اتحاد کا پہلا جلسہ، سلیکٹڈ وزیراعظم کے جانے کا وقت آگیا، پی ڈی ایم رہنما

130

گوجرانوالہ(مانیٹرنگ ڈیسک)گوجرانوالا میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے پہلا جلسہ کرکے عوامی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔پی ڈی ایم رہنماؤں نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے جانے کا وقت آگیا ہے، عمران خان کی کرپشن کی داستانیں سامنے آئیں گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، ایک پیج پر ہونے کے دعویدار جان لیں صفحہ پلٹے دیر نہیں لگتی،ووٹ کو عزت ملے تو آٹا ،چینی غائب ہوجاتا ہے،گوجرانوالہ نے عمران خان کو این آر اور نہ دینے کا فیصلہ دیدیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی کرپشن کی داستانیں سامنے آئیں تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، لاہور سے گوجرانوالہ تک ایک ہی نعرہ ہے گو نیازی گو، لوگ وعدہ کریں کہ ٓآئندہ کسی کو بھی اپنے ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔منتخب نمائندوں کو ایک اقامے پر نکال دیا جاتا ہے، ووٹ کو عزت نہ دی جائے تو آٹا ،چینی نہ صرف چوری ہوتا ہے بلکہ مارکیٹ سے بھی غائب ہوجاتا ہے، یہ مافیا آج ایک پیج پر ہے لیکن صفحہ پلٹے دیر نہیں لگتی ۔ عمران خان یاد رکھو حالات بدلتے ہوئے دیر نہیں لگتی، لوگ مجھ سے وعدہ کریں کہ آٹا، چینی چوروں سے حساب لیں گے اور آئندہ کسی کو اپنے ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی صرف بحران ہی بحران ہے، ملکی معیشت تباہ ہوگئی ، لوگ مہنگائی سے پریشان ہیں، عمران خان نے کرپٹ لوگوں کو پکڑنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن اس حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ جلسے سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، پشتونخوا عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، (ن) لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی، پی پی رہنما قمر زمان کائرہ، اسفند یار ولی، سینیٹر ساجد میر، جاوید ہاشمی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔