قبائلی اضلاع کی تیز رفتار ترقی حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعلیٰ پختونخوا

75

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وادی تیراہ کے علاقے پائندہ چینہ میں قبائلی عمائدین کے ایک جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تیز رفتار ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت اس مقصد کیلیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے،میری بھر پور کوشش ہے کہ قبائلی اضلاع کیلیے سالانہ 100 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق محمود خان نے گزشتہ روز کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کے ساتھ قبائلی ضلع خیبر کے علاقے تیراہ کا ایک روزہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے 35 کلومیٹر طویل داواتوئی سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ نے کور کمانڈر پشاور کے ساتھ تیراہ ایجوکیشنل کمپلیکس میں تکمیل شدہ ہاسٹل کی عمارت کا بھی افتتاح کیا۔