مضاربہ اسکینڈل کاشریک ملزم عبداللہ 4برس بعد گرفتار

93

راولپنڈی‘اسلام آباد(آن لائن)مضاربہ اسکینڈل میں شریک ملزم عبداللہ کو 4 سال بعد نیب نے گرفتار کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی نے ایک کارروائی میں عبداللہ نامی مضاربہ اسکینڈل کے شریک ملزم کو گرفتار کر لیا، نیب نے ملزم عبدللہ کے 2016 ء سے وارنٹ جاری کر رکھے تھے۔ چیئرمین نیب نے اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی تھیں۔ نیب کا کہنا ہے کہ شریک ملزم عبداللہ کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے، جسے آج ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔نیب راولپنڈی کے مطابق ملزم عبداللہ مضاربہ کے نام پر اربوں روپے فراڈ کیس میں نامزد ہے۔واضح رہے کہ ملزم نے شفیق الرحمن سے مل کر مضاربہ کے نام پر7ارب20کروڑ روپے کی جعل سازی کی تھی،کراچی سے یہ جعلی اسکیم12 افراد پر مشتمل گروہ چلا رہا تھا،جس میں سیکڑوں لوگوں کو شرعی منافع کا جھانسا دے کر بے وقوف بنایا گیا۔ مذکورہ گروہ انویسٹمنٹ کے نام پر شہریوں سے اربوں روپے بٹور چکا ہے۔علاوہ ازیںاسلام آباد احتساب عدالت کورٹ روم نمبر دو کے جج اعظم خان کی عدالت میں جعلی اکائونٹس اسکینڈل،پنک زیزیڈنسی ریفرنس پر بھی ٹرائل کا آغاز، نیب کے پہلے گواہ زین العابدین عدالت میں پیش ہوئے، محکمہ ریونیو سندھ کے افسر نیب گواہ زین العابدین کا بیان قلمبند کرایا، گواہ نے نیب تفتیشی افسر کو ریکارڈ فراہمی کی تصدیق کردی۔گواہ نے عدالت کو بتایا کہ ریونیو ریکارڈ سندھی زبان میں ہے تاہم رپورٹ اردو میں تیار کی ۔احتساب عدالت نے تمام دستاویزات کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنادیا۔احتساب عدالت کی 20 اکتوبر کو وکلا صفائی کو گواہ پر جرح کی ہدایت کر دی، کیس کی سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔