پاکستان نے کورونا وائرس کا بہتر مقابلہ کیا‘ راہول گاندھی

49

دنئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)کانگریس کے مرکزی رہنما راہول گاندھی نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان نے کورونا وائرس کا بہتر مقابلہ کیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک ٹوئٹ میںکیا۔راہول گاندھی نے آئی ایم ایف کے
جاری کردہ ایک چارٹ کا حوالہ دیا جس میں جنوبی ایشیا کے ممالک میں سال 2020ء اور 2021ء کے درمیان کورونا سے متاثر ہونے کے باوجود معاشی ترقی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس چارٹ میں بنگلا دیش، میانمر، نیپال، چین، بھوٹان، پاکستان، سری لنکا، افغانستان اور بھارت کا ذکر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں بھارتی معیشت 10.3 فیصد تک سکڑے گی جسے طنزیہ طور پر انہوں نے مودی حکومت کا ایک ’ٹھوس کارنامہ‘ قرار دیا۔اپنے ٹوئٹ میں راہول نے چارٹ کا حوالہ بھی دیا جس میں بھارتی معیشت کی سب سے کم ترقی کو ظاہر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان نے بھی بھارت کے مقابلے میں کووڈ کا بہتر مقابلہ کیاہے، جو حکومت کا ایک ٹھوس کارنامہ ہے۔ انہوں نے بی جے پی کی 6 سالہ حکومت کو ’نفرت بھری قوم پرستی‘ بھی قرار دیا۔واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے مطابق بھارت میں کورونا کے کیسز میں اب بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اس کے معیشت پر نہایت منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔