حکومت اپنے وعدوں پر من وعن عمل پیراہے‘پرویز خٹک

53

پشاور (اے پی پی) وفاقی وزیربرائے دفاع پرویزخان خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر من و عن عمل پیرا ہے، تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع صوابی میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ساتھ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر پرویز خان خٹک نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملک کی معیشت کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا تھا، اب حالات کو بہتر بنانے کے لیے سخت فیصلے کیے گئے تاکہ ملک اپنے پائوں پرکھڑا ہوسکے، ماضی کی طرح ڈسپوزبل ترقی نہیں بلکہ حقیقی، مربوط اور پائیدار ترقی کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، مخالفین چاہے جتنی بھی چالاکی دکھائیں عوام کی آنکھوں میں اب دھول نہیں جھونک سکتے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ باہر بیٹھ کر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کا ہرحال میں احتساب ہوگا، نوازشریف سرکس کا وہ شیر ہے جو عوام کا سامنا نہیں کرسکتا، نوازشریف اپنے آپ کو بچانے کے لیے عوام کو مشکل میں ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے10ہزار ارب روپے سابق حکومتوں کے قرضوں کے سود کی مد میں ادا کیے ہیں۔ اپوزیشن اپنے مفادات کے لیے نکلی ہے مگر عوام ان کے ہتھکنڈوں میں آنے والے نہیں ہیں۔