نواز شریف خطرناک بیانیہ پر کام کر رہے ہیں ، واپس لائیں گے ، شبلی فراز

67

 

اسلام آباد(آن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازنے کہا ہے کہ نواز شریف خطرناک بیانیے پر کام کررہے ہیں‘ واپس لائیں گے۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی برداشت نہیں کی جائے گی،عوام اپوزیشن کے ذاتی مفادات کی سیاست کو جانتے ہیں،اپوزیشن کا پہلا شو فلاپ ہوگیا، ان کے پاس کوئی پروگرام نہیں، انہوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، ان کو غریبوں کے دکھ درد کا کیا پتا ؟ مریم نواز بتائیں انہوں نے کسی غریب سے آخری ملاقات کب کی؟شبلی فراز نے کہا کہ گزشتہ روز اپوزیشن کے جلسے میں اداروں کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کی گئی، ملکی تحفظ کے ضامن اداروں کے خلاف مہم جوئی کی اجازت نہیں دی جاسکتی،اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر فوادچودھری نے کہا کہ
11 پارٹیاں 15 سے 18 ہزار لوگ بھی اکٹھے نہیں کر پائیں، ان کو اپنی اصلیت نظر آگئی، ان کو مزید جلسوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے، امید ہے آپ اپنے باقی جلسے موخر کردیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ والوں سے کہتا ہوں کہ خطرناک کھیل نہ کھیلے، نواز شریف خطرناک بیانیے پر کام کررہے ہیں ، یہ بیانیہ ناکام ہوگا، نواز شریف کاعمل ایسا ہے جیسے ناراض محبوبہ، انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ کیسے بدلہ لیں، میں نوازشریف کو باہر بھیجنے کے حق میں نہیں تھا کیونکہ جب ایسے لوگ باہر جاتے ہیں تو وہ غیر ملکی ایجنڈے کا حصہ بن جاتے ہیں، پاکستان کے اداروں پر تنقید بھارت کا ایجنڈا ہے، نوازشریف کو لندن سے واپس لایا جائے گا۔