نگورنو کاراباخ کے مسئلے پر آذربائیجان کے ساتھ کھڑے ہیں،عمران خان

84

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نگورنو کاراباخ کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کے لیے آذربائیجان کے شانہ بشانہ ہے۔اتوار کے روز ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم نے اپنی علاقائی سالمیت کا بہادری سے دفاع کرنے پر آذربائیجان کی افواج کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ انہوں نے آذربائیجان کے صدر اور عوام کو ان کے یوم آزادی کی مبارکباد بھی دی۔وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ یوم آزادی کے موقع پر میں آذربائیجان کے صدر اور برادرانہ عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہم اپنی جغرافیائی سالمیت کا پوری جرات سے دفاع کرنے والی آذری فوجوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان سلامتی کونسل کی قرارداوں کی روشنی میں نگورنو کاراباخ کے حل کے لیے آذربائیجان کے ساتھ ہے۔ادھر پاکستان نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے جس کا مقصد مزید انسانی بحران سے بچنا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ امن و استحکام کے لیے ایک مثبت پیشرفت ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طے پانے والی شرائط کی مکمل پاسداری کی جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ فریقین کے درمیان پائیدار امن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عملدرآمد اورآذربائیجان کے علاقوں سے آرمینیا کی فوج کے انخلا پر منحصر ہے۔