پہلی پبلک ماحول دوست الیکٹرک بائیک متعارف

200

اسلام آباد: پاکستان کی پہلی پبلک ماحول دوست الیکٹرک ایزی بائیک متعارف کرادی گئی ہے جبکہ اس کے چارجز 5 روپے فی منٹ ہوں گے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے گزشتہ روز ایزی بائیک کا افتتاح کردیا ہے اور پاکستان کی پہلی پبلک الیکٹرک بائیک متعارف کرادی  گئی ہے۔

سید امین الحق کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے بڑھتے مسائل میں ایزی بائیک ایک خوشگوار اضافہ ہوگا کیونکہ ماحول دوست یہ بائیک خاص کر ملازمت پیشہ خواتین کیلئے بہترین سہولت فراہم کرے گی جبکہ ایزی بائیک کا پائلٹ پروجیکٹ ابتداء میں اسلام آباد میں شروع کیا جائے گا جس کے تحت راولپنڈی، اسلام آباد میں میٹرو اسٹیشنز کے اطراف میں یہ موجود ہوں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایزی بائیک استعمال کرنے کے چارجز 5 روپے فی منٹ ہوں گے اور ایک سال کے دوران تمام بڑے شہروں میں ایزی بائیک سروس فراہم کردی جائے گی اور وزارت آئی ٹی عوامی خدمات اور سہولیات کے ہر منصوبے کی بھرپور سہولت کار ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن میں برقی (الیکٹرک) سواریوں کا نمایاں حصہ ہو۔

واضح رہے رومر ٹیکنالوجیز پورے پاکستان میں ایک سال میں 2000 سے زیادہ ایزی بائیکس کی مختلف مقامات پر سہولت دینے کا منصوبہ رکھتی ہے جس سے پاکستان میں کروڑوں ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کی جاسکے گی۔