اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک +اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کی نواز شریف کی طلبی کا اشتہار لندن کے 2 اخبارات میں شائع کرنے کی درخواست مسترد کردی جبکہ عدالتی احکامات پر سابق وزیر اعظم کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں طلبی کا اشتہار اخبارات میں شائع ہوگیا۔ سابق وزیر اعظم کی طلبی کے لیے برطانوی اخبارات میں اشتہار شائع کرانے سے متعلق وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے کی۔سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے پاکستانی اخبارات میں نواز شریف کی طلبی کا اشتہار شائع ہونے سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا اور لندن کے 2 اخبارات میں اشتہار شائع کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے وفاق کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ برطانوی اخبارات میں الگ سے اشتہار شائع کرانا لازمی نہیں۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اشتہار انگلش میں شائع ہوچکا، یہ قانونی معاملہ ہے جس پر عمل درآمد ہوگیا ہے، یہ نہیں دیکھنا کہ بندہ کون سا اخبار پڑھتا ہے۔