کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے معاملے پر سندھ حکومت کا انکوائری کرانے کا اعلان کردیا.
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے متعلق نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشتہاری شخص پی ٹی آئی کے لوگوں کے ساتھ تھانے آیا، وقاص اشتہاری اورمفرور ملزم ہے، 18 اکتوبرشام 4 بجے سے 19اکتوبرشام 6 بجے تک جو کچھ ہوا اسکی انکوائری ہوگی.
انہوں نے کہا کہ جھوٹ پرمبنی ایف آئی آردرج کرائی گئی، اس تمام جھوٹ میں ایک وفاقی وزیربھی شامل ہے جوالٹی میٹم دے رہا تھا جبکہ منتخب نمائندوں کا کام نہیں ہوتا کہ پولیس پردباؤ ڈالا جائے، پی ٹی آئی ارکان صوبائی اسمبلی نے پولیس پردباؤ ڈالنے کی کوشش کی مگرپولیس دباؤ میں نہ آئی، پولیس کبھی غلط کام نہیں کرے گی غلط کیس کوئی بھی داخل کراسکتا ہے، کیس غلط ہے یا نہیں فیصلہ کورٹ کرے گی اور جو باتیں سامنے آئی ہیں وہ دوبارہ نہیں دہراسکتا.
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کوکس طرف لے جارہی ہے؟ اس وقت مہنگائی کے طوفان سے پوراملک پریشان ہے، پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ملکی مفاد میں ہے، پی ٹی آئی کی ناکام حکومت زیادہ دیرنہیں چل سکتی.
مراد علی شاہ نے میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ مزار پرنعرے بازی پہلی بارنہیں ہوئی، مزارکا تقدس سب کوکرنا ہے، ن لیگ کی قیادت نے مزارقائد پرحاضری دی، مزار قائد پرحاضری کے دوران ایسی چیزیں ہوئیں جونہیں ہونی چاہییں.
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بوکھلائے، گھبرائے، ہکلائے لوگ جلسے کے بارے میں باتیں کررہے ہیں، جلسہ پی ڈی ایم کا ہونا تھا اورصبح سے وفاقی وزیرمیڈیا پربیانات دے رہے تھے،انکی گھبراہٹ ظاہرتھی، جیسے جیسے جلسہ بڑھ رہا تھا یہ لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہورہے تھے.