کراچی ،سابق ٹاؤن ناظم کی بیٹی کو قتل کردیا گیا

326

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں گاڑی پر فائرنگ سے 21سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ باپ نے سابقہ شوہر پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے مقدمہ درج کروادیا۔

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد انٹر بورڈ آفس کےقریب نامعلوم ملزمان نےسابق نگران ٹاؤن ناظم کی بیٹی کو فائرنگ کرکےقتل کردیا۔ مقتولہ کی شناخت 21 سالہ فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتولہ کے والد فیروز بنگالی کا کہنا ہے میری دوسری بیٹی بھی فاطمہ کےساتھ تھی۔ موبائل فون، رقم اور دیگر تمام اشیا موجود ہیں۔ بیٹی چھوٹی بہن کے ساتھ بورڈ آفس سے اپنی دستاویز لینے گئی تھی۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی 3سال قبل شادی ہوئی تھی اور اس کی ایک بیٹی بھی ہے۔ شوہر سے 3سال قبل طلاق ہو چکی تھی۔ والد نے شبہ ظاہر کرتے ہوئے  پولیس کو بتایا کہ سابقہ شوہر نے اس کی بیٹی کی جان لی ہے۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ مقتولہ فاطمہ کے والد کی مدعیت میں درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے فاطمہ شدید زخمی ہوگئی۔ متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔