عوامی مرکز پاسپورٹ آفس میں ایجنٹ مافیا اور افسران نے شہریوں کو پریشان کرنا شروع کردیا

142

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عوامی مرکز میں واقع پاسپورٹ آفس میں ایجنٹ مافیا اور افسران نے پاسپورٹ کی تجدید اور نئے پاسپورٹ کی درخواستیں دینے والے شہریوں کو پریشان کرنا شروع کردیا ہے۔

ایجنٹ اور محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے کرپٹ افسران کے گٹھ جوڑ نے اپنی تمام تر توجہ بہاریوں کے نئے پاسپورٹ اور تجدید کی درخواستیں دینے والوں پر رکھی ہوئی ہے،ان کے فارم پر اعتراض لگا کر فارم مسترد کر دیتے ہیں، جس سے انھیں ایک تکلیف دے عمل سے گزرنا پڑتاہے۔

ایجنٹ مافیا اور بعض افسران نے عوامی مرکز پاسپورٹ کے دفتر کو اپنے کمائی کا ذریعہ بنایا ہوا ہے۔عوامی مرکزپاسپورٹ آفس کے باہر موجود ایجنٹوں اور عملہ سے گٹھ جوڑ کر لیا ہے،جو پریشان حال بہاریوں کو لوٹنے اور رشوت وصول کرنے پر مصروف رہتے ہیں۔پاسپورٹ کی تجدیدکے لیے آنے والے شہری محمد علی نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایجنٹ مافیا سرکاری فیس 3ہزار روپے کی بجائے ہم سے ساڑھے 4ہزار روپے وصول کررہا ہے،اور جو شہری ایجنٹ کے ذریعے رقم دیتے ہیں، ان کا فارم بغیر کسی اعتراض کے جمع کرلیا جاتا ہے۔

شہریوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ عوامی مرکز پر بھاری رشوت کے عوض پاسپورٹ بنانے والے ایجنٹوں اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور دفتر کے باہر سے کرپٹ افسران اورایجنٹ مافیا کے گٹھ جوڑ کو ختم کیا جائے۔