سعید غنی نے ضلع غربی میں کلین کراچی صفائی مہم کاافتتاح کردیا

218

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیرایجوکیشن اینڈ لٹریسی سعید غنی نے ضلع غربی میں فرنٹ اینڈ کلیکشن آپریشن اور کلین کراچی و آگاہی مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔

اس موقع پر انکے ہمراہ ایڈمنسٹریٹرکراچی افتخار شلوانی، کمشنر کراچی سہیل راجپوت، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نجم شاہ،کرنل غیور ملیر ہیڈ کوارٹر، ایم ڈی سالڈ ویسٹ زبیر چنہ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق نظامانی، ڈی سی سلیم اللہ، ایم پی اے لیاقت آستانی کے علاوہ علاقے کے معززین و میڈیا کی بڑی تعداد موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی بلدیات کی کونسل کی منظوری کے بعد سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے صفائی کے کام کا آغاز کیااورمزید بہتری کی طرف گامزن ہے۔ ضلع غربی میں معاہدے کے مطابق کام نہ کرنے کی وجہ سے چائنیز کمپنی کو کام کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

جبکہ اب چائنیز کمپنی کی یقین دہانی پر دوبارہ فرنٹ اینڈ کلیکشن آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی مہم مسلسل جاری رہنے والا کام ہے اور اسے جاری رکھا جائے گا۔ جلد ہی ضلع وسطی اور کورنگی میں بھی سندھ سالڈ ویسٹ کام کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لینڈ فل سائٹ جام چاکرو اور گوند پاس کے علاوہ تیسری بڑی لینڈ فل سائٹ بھی موجود ہے۔ میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عالمی بینک کے تعاون سے واٹر اینڈ سیوریج کے مسائل حل کرنے لئے منصوبوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد سیوریج کے مسائل حل ہوجائیں گے۔اس موقع پر ایم ڈی زبیر چنہ نے پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صفائی مہم کاآغاز دیگر اضلاع میں بھی کر دیا گیا ہے دیگر تفصیلات میں ضلع غربی میں 4 میکینکل سوئپر، 150 تھری ویلر رکشہ، کمپیکٹر11 جن میں 40 سے 60 ٹن کچرا اٹھانے کی گنجائش موجود ہے۔

تقریباً 400 سینیٹری ورکر ز و دیگر انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ تھری ویلر رکشہ میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے بعد کمپیکٹر کے ذریعے لینڈ فل سائٹ پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ملیر میں آن لائن کمپیوٹرائزڈسسٹم کے بعد ضلع شرقی اور ضلع جنوبی کی بھی ایک اپلیکیشن متعارف کرا دی گئی ہے۔SSWMB Complaint East Karachi اور SSWMB Complaint South Karachi۔ دریں اثناء عوام کی آگاہی کے لئے علاقوں میں بینرز لگاکر مکینوں کو کچرا تھیلیوں میں بند کرکے مقررہ جگہ ڈالنے کی بھی ترغیب دی جا رہی ہے۔

اس سلسلے میں عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ بحیثیت ذمہ دار شہری تعاون کرتے ہوئے کچرا تھیلوں میں بند کرکے مقررہ جگہ پر رکھیں یا کچرا دان میں ڈالیں۔