کامیاب ریفرنڈم پر جماعت اسلامی کو مبارکباد

52

کراچی(اسٹاف رپورٹر)تنظیم آواز کراچی کے کنوینر انتخاب عالم سوری نے جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے ہونے والے حقوق کراچی ریفرنڈم کے کامیاب انعقاد پر جماعت اسلامی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب ریفرنڈم کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کراچی کے عوام اپنے حقوق کے حصول کے لیے اب میدا ن عمل میں نکلنے کے لیے بیدار ہو گئے ہیں ،کراچی کے مسائل پر آج تک کسی جماعت نے اتناواضح اور دو ٹوک موقف اختیار نہیں کیا جتنا جماعت اسلامی نے کیا اس کے علاوہ کراچی کے عوام کے ساتھ محبت کا عملی ثبوت بھی دیاہے ، چاہے وہ بارشوں کے دوران الخدمت کے ذریعے متاثرین کے مدد کی صور ت میں ہو یا کورونا کی وبا کے دوران اسپتالوںمیں آلات اور ہر قسم کی مدد کی فراہمی ہو۔کراچی کو اگر مسائل کا گڑھ کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا ۔بجلی کی لوڈشیڈنگ، پانی کی بندش،سڑکوں اور شاہراہوں کی تباہ حالی ،گیس کی لوڈشیڈنگ ،ٹرانسپورٹ کے مسائل ،آلودگی اور کچرے کے ڈھیر وہ مسائل ہیں جو عرصہ دراز سے کراچی کے ساتھ چمٹے ہوئے ہیں اس کی بنیادی وجہ مقامی حکومتوں کے اختیارات میں کمی ،نااہل حکومتیں اور مرکزی حکومتوں کا کراچی کو اس کا جائز حق نہ دینا ہے۔پاکستان کی ترقی کراچی کی ترقی سے منسلک ہے اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ کراچی کے حقوق غصب کر کے پاکستان کو خوشحال بنا سکتا ہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے ۔اب ہر سطح کی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور کراچی کی خوشحالی کے لیے کام کریں ۔حکمران یہ جان لیں کہ کراچی کے عوام ان کا احتساب کرنے کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ۔اس موقع پر انتخاب عالم سوری نے کہا کہ آواز کراچی کے نام سے ہونے والی اس جدوجہد کا مقصد یہ ہے کہ کراچی کے حقوق پر دوٹوک موقف اختیا رکیا جائے اور کراچی کے حقوق حاصل کرنے کے لیے کراچی کے عوام میںہر طرح سے جوش وجذبہ پیدا کیا جائے ۔