لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے سربراہ ڈینئل بروس نے کہا کہ حکومت برطانیہ کرپشن کرنے والوں کو کسی قسم کا استثنا نہ دے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے برطانیہ میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے سربراہ ڈینئل بروس نے حکومت پاکستان
کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کرنے والے ملزمان کو برطانیہ میں استثنانہیں ملنا چاہیے، انہیں وطن واپس بھیجنا چاہیے۔ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے سربراہ کا کہنا تھا قانون کی بالادستی کیلیے برطانوی حکومت جمہوری ملک پاکستان سے تعاون کرے۔ برطانیہ میں غیر قانونی اثاثے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پہنچ سے دور نہیں ہونے چاہییں۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے سربراہ نے مزید کہا انصاف کی فراہمی کیلیے برطانیہ کو ملک میں موجود غیر قانونی اثاثے ضبط اور واپس کرنے چاہییں، ایسانہ کیا گیا تو برطانیہ کو دنیا بھر میں کرپشن کی جنت کے طورپرجانا جائے گا۔انہوں نے پاکستان حکومت کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ برطانیہ کی شفافیت کے لیے خطرہ ہیں، ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کر کے ان کو ان کے ملک واپس بھیجا جائے۔ دوسری جانب برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق وزیراعظم کے مشیر مرزا شہزاد اکبر نے برطانوی حکام کو خط لکھا ہے کہ جس میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پاکستان بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔