غیر شادی شدہ لڑکیوں میں اضافہ، شادی پر 1کروڑ دینار

258

بغداد: عراق کے ایک مشہور بینک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے ہر ملازم کو دوسری شادی کرنے پر 1 کروڑ دینار بطور قرض آسان شرائط پر دیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق  عراق میں الرشید بینک کا کوئی بھی ملازم دوسری شادی کرنے پر ایک کروڑ دینار قرض لے سکتا ہے بشرطیکہ اس کی ملازمت کو کم از کم 2سال ہو چکے ہوں اور اس نے اپنی پہلی شادی پر قرض نہ لے رکھا ہو۔

ایک حالیہ سروے سے معلوم ہوا ہے کہ عراق میں 35 سال یا اس سے زائد عمر کی 70 فیصد لڑکیاں (خواتین) غیر شادی شدہ ہیں اور ملک میں مسلسل خانہ جنگی، سیاسی عدم استحکام اور معاشی بدحالی کی وجہ سے اکثر نوجوان لڑکے اور مرد اتنی تنگ دستی کا شکار ہیں کہ وہ شادی کرنے کے قابل ہی نہیں رہے جس کے بعد بینک الرشید نے یہ فیصلہ عراق میں معمر کنواریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر کیا ہے۔

واضح رہے 35سال سے زیادہ عمر کی غیر شادی شدہ لڑکیوں کی ملک میں مجموعی تعداد 70فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب لڑکوں اور مردوں کی ایک بڑی تعداد اپنے مالی حالات بہتر کرنے کےلیے بیرونِ ملک کا رُخ کر رہی ہے جس سے معمر کنواریوں کا مسئلہ اور بھی شدید ہورہا ہے۔