نئے نظام کے تحت کھیلی گئی قائداعظم ٹرافی کے ریکارڈ

21

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے بعد قومی کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی اب 25 اکتوبر سے کراچی میں شروع ہونے والی قائداعظم ٹرافی میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے بعد اب قائداعظم ٹرافی بھی کوویڈ19 پروٹوکولز کے تحت کھیلی جائے گی۔اس سے قبل پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں6 ایسوسی ایشنز کی ٹیموں پر مشتمل نظام متعارف کروایا تھا۔ اس نظام کے تحت کھیلی گئی پہلی قائداعظم ٹرافی میں معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملی۔عمومی طور پر بولنگ کے لیے سازگار پچز کے بجائے پی سی بی نے گزشتہ سال ایسی پچز کی تیاری کو یقینی بنایاجو بلے بازوں اور بولرز دونوں کے لیے سازگارتھیں۔ اس دوران ٹورنامنٹ کے تمام 31 میچوں میں عالمی معیار کی کوکابورا کی گیند کا استعمال کیا گیا۔گزشتہ سال کھیلے گئے ایونٹ میں 11 سال بعد بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ کو بھی وینیوز کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا جبکہ ایونٹ کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا جہاں بابراعظم کی زیرقیات میدان میں اترنے والی سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دی۔گزشتہ سال کھیلی گئی قائداعظم ٹرافی میں بیٹنگ کے شعبے میں 3 بلے بازوں نے 900 سے زائد رنز بنائے۔ بلوچستان کے عمران بٹ17 اننگز میں 934 رنز بناکرسرفہرست رہے۔