ملک میں جلد ہی بڑی تبدیلی آنے والی ہے، نصر اللہ رندھاوا

41

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی یو تھ ونگ کے زیر اہتمام 24 اکتو بر کو اسلام آباد میں عظیم الشان یوتھ کنونشن منعقد ہوگا جس میں اسلام آباد سے ایک ہزار نوجوان جماعت اسلامی یوتھ ونگ میں شمولیت اختیار کریں گے۔ یوتھ کنونشن کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ہوں گے۔ انہوں نے کسی بھی ملک میں نوجوان حقیقی تبدیلی کے ضامن ہوتے ہیں۔ اسلام آباد میں نوجوانوں کی دیگر جماعتوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت اس بات کا اظہار ہے کہ ملک میں جلد ہی بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یو تھ ونگ اسلام آباد کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی یوتھ ونگ اسلام آباد کے صدر غفران اللہ بھٹی اور دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔ نصراللہ رند ھاوا نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنی سرگرمیوں میں بڑے پیمانے پر اسلام آباد کے شہریوں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرے گی۔ آزمودہ نظام سے اکتائے اور اسلامی انقلاب کے خواہشمند ہزاروں افراد جوق در جوق جماعت اسلامی میں شامل ہورہے ہیں۔