کوئٹہ/ پشاور (آئی این پی/ این این آئی) کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق جمعے کو مستونگ کے علاقے دشت میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا گیا تو دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی‘ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے2 اہلکار بھی زخمی ہوئے‘ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بھاری تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ علاوہ ازیںسیکورٹی اداروں نے خیبرپختونخوا کے علاقے لوئر دیر میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سیکورٹی اداروں کی مشترکہ کارروائی میں آئی ای ڈیز اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا‘ جسے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کرنا تھا۔