کشمیر کے پرچم کی بحالی تک بھارتی ترنگا قبول نہیں، محبوبہ مفتی

131

سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) رہنمائوں کی پریس کانفرنس سے بھارتی جھنڈا ہٹا دیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پیپلزڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی پریس کانفرنس میں سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اعلان بغاوت کرتے ہوئے پریس کانفرنس سے بھارتی جھنڈا ہٹا دیا جس پر بھارتی میڈیا تلملا اٹھا۔انتہاپسند مودی سرکار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی سابقہ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ بھارت کو بی جے پی کے منشور پر چلنے کے بجائے دستور پر چلنا چاہیے، کشمیر کا جھنڈا بھارت سے تعلق جوڑتا تھا لیکن اب صورتحال اس سے برعکس ہے۔جب تک کشمیر ی پرچم اور آرٹیکل 370 کے واپسی نہیں ہوتی تب تک بھارت سے کوئی واسطہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی افق پر اجاگر ہوا ہے۔واضح رہے کہ محبوبہ مفتی سمیت وادی کے کئی سیاسی رہنماؤں کو گزشتہ سال 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے چند گھنٹے قبل نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی حکومت نے حراست میں لے لیا تھا۔محبوبہ مفتی ان 4 معروف سیاستدانوں میں سے ایک تھیں جنہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔گرفتاری کے بعد محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ بھارتی حکومت، مقبوضہ جموں و کشمیر کو غزہ کی پٹی کی طرح بنانا چاہتی ہے اور یہاں وہی سلوک کرنا چاہتی ہے جو فلسطین کے ساتھ اسرائیل کر رہا ہے۔محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی قیادت نے دو قومی نظریے کو مسترد کرتے ہوئے ایک امید لیے 1947 میں بھارت کے ساتھ الحاق کیا تھا، لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ ہم پاکستان پر بھارت کو ترجیح دینے میں غلط تھے۔