کوئٹہ ،مسافرکوچ میں آگ لگنے سے 5 مسافر جاں بحق

46

طکوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع خضدار میں مسافر کوچ میں آگ لگنے سے5 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ لیویز حکام کے مطابق کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس میں آگ لگنے کا واقعہ گزشتہ رات 3 بجے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر اورناچ کے قریب پیش آیا، جس میں ابتدائی طور پر 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو عملے کی جانب سے لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال وڈھ، بیلہ اور خضدار منتقل کردیا گیا۔ مسافر کوچ میں آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔ اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے دشت میں تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ جمعہ کو دشت کے علاقے میں دشت میر ہوٹل کے قریب تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹنے سے 26 سالہ سید مراد شاہ ولد سلطان شاہ سکنہ ڈھاڈر دوپاسی جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو فوری طور پر شیخ زید اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اسے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔