کوئٹہ میں دہشت گردی کا خطرہ‘ اپوزیشن سے  جلسہ ملتوی کرنے کی اپیل

45

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)دہشت گردی کا خطرہ ‘ بلوچستان حکومت کی اپوزیشن سے کوئٹہ جلسہ ملتوی کرنے کی اپیل‘ لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ اتوار کو کوئٹہ جلسے میں دہشت گردی کا خطرہ ہے ۔ بلوچستان حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)سے 25 اکتوبر کوئٹہ کا جلسہ ملتوی
کرنے کی اپیل کرد ی ۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو کوئٹہ جلسے میں دہشت گردی کا خطرہ ہے، نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی جانب سے سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے جسے بلوچستان حکومت نے سنجیدگی سے لیا ہے، گزشتہ روز سیکورٹی فورسز نے دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا ہے ۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو حملے کے انتباہ کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور سیکورٹی خدشات پر ذمے داری کا ثبوت دینا چاہیے، سیکورٹی الرٹ کے بعد پی ڈی ایم جلسہ ملتوی کردے،اپوزیشن سیکورٹی کلیئرنس کے بعد جلسہ کرے ، حکومت ان سے تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اورپی ڈی ایم رہنماؤں کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کریں گے، ہم نے پی ڈی ایم جلسے کے لیے نہ رخنہ ڈالا اور نہ ہی ڈالیں گے،پر امن احتجاج اپوزیشن کا حق ہے۔